خدا تک جانے والا راستہ انسانوں کے دلوں سے گزرتا ہے

(نعیم اللہ باجوہ آسٹریلیا)

ذرا ٹھہر کر اپنے دل سے پوچھو! اگر قیامت کے دن تمہارے ہاتھ میں عبادتوں کا انبار ہو مگر تمہارے سبب کئی دل زخمی، کئی آنکھیں اشک بار اور کئی لوگ تم سے نفرت کرتے ہوئے کھڑے ہوں تو کیا تم واقعی کامیاب ہو گے؟
یہ کائنات ایک عجیب حقیقت پر قائم ہے؛ خدا کو اپنی ذات کے دفاع کے لیے ہماری ضرورت نہیں، مگر اس کی مخلوق کو ہماری محبت، ہمارے اخلاق، ہماری نرمی اور ہمارے ہاتھوں کی حرارت کی ضرورت ہے۔ تم جنت کی وسعتوں پر ہزار بحثیں کر لو اور دوزخ کی ہولناکیوں پر لاکھ تقریریں کر لو، مگر ایک شکستہ دل پر رکھا ہوا تمہارا شفقت بھرا ہاتھ ان تمام لفظی معرکوں سے کہیں زیادہ وزنی ہو سکتا ہے۔
یاد رکھو! نفرت کا سب سے بڑا نقصان یہ نہیں کہ وہ دوسرے کو جلا دیتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ وہ تمہارے اندر موجود انسان کو راکھ کر دیتی ہے۔ نفرت تمہارے دل کے دریچوں پر اندھیرا بچھا دیتی ہے، تمہاری دعاؤں سے تاثیر چھین لیتی ہے اور تمہیں آہستہ آہستہ اس مقام پر لے آتی ہے جہاں تم دوسروں سے پہلے خود اپنے لیے بوجھ بن جاتے ہو۔
کچھ لوگوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، کچھ رشتے دوبارہ نہیں جڑے جا سکتے، مگر ہر شخص کو اپنے دل میں قید رکھنا بھی ضروری نہیں۔ بعض اوقات سب سے خوبصورت انتقام یہ ہوتا ہے کہ تم خاموشی سے آگے بڑھ جاؤ، اپنے دل کے دروازے بند کر دو، اپنی راتوں کی دعاؤں سے ان کا نام مٹا دو اور اپنی روح کو ان کی یاد کی زنجیروں سے آزاد کر دو۔
اور اگر تم واقعی امیر بننا چاہتے ہو تو محبت بانٹنا شروع کر دو۔ محبت صرف رومان نہیں، یہ ایک روحانی سرمایہ ہے۔ ایک مسکراہٹ، ایک معافی، ایک دعا، ایک ہمدرد جملہ، ایک لرزتے ہاتھ کو تھام لینا، ایک بے آسرا انسان کا سہارا بن جانا… یہ وہ سکے ہیں جو زمین پر خرچ ہوتے ہیں مگر آسمان میں جمع ہو جاتے ہیں۔
یاد رکھو! جب تم قبر میں اترو گے تو نہ تم سے پوچھا جائے گا کہ تم نے جنت کی لمبائی کتنی بیان کی تھی اور نہ یہ کہ تم نے دوزخ کی گہرائی کے کتنے قصے سنائے تھے۔ شاید سوال یہ ہو کہ کتنے دلوں کو تم نے ٹوٹنے سے بچایا؟ کتنے آنسو پونچھے؟ کتنی نفرتوں کو محبت میں بدلا؟ اور خدا کی مخلوق نے تمہارے وجود سے کتنا سکون پایا؟
کیونکہ خدا تک جانے والا سب سے مختصر، سب سے محفوظ اور سب سے روشن راستہ انسانوں کے دلوں کے درمیان سے ہو کر گزرتا ہے۔

اپنی رائے سے آگاہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top